بھارتی فوج ایک نا تجربے کار فوج ہے،بریگیڈیئر(ر)حارث


اسلام آباد:بریگیڈیئر(ر) حارث نواز نے کہا کہ پاکستانی فوج پیشہ وارانہ مہارت رکھنے والی فوج ہے جبکہ بھارتی فوج ایک نا تجربے کارفوج ہے جو جنگ سے ڈرتی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم اور فوج دونوں کا مورال بہت بلند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑائی قوم کرتی ہے۔ اب بھارت کی جانب سے رویے میں تبدیلی آئے گی۔

او آئی سی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو اس معاملے میں سفارتی نقاط پر بہت غور کرنا ہوگا کیونکہ یہ بہت اہم بات ہے۔

بھارت ایک مکار، چالاک اور عیار دشمن ہے،شیخ روحیل اصغر

رہنما پاکستان مسلم لیگ ن شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ بھارتی قیدی کو واپس بھیجنے کا فیصلہ تھوڑا جلدی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مکار، چالاک اور عیار دشمن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیں مکمل طور پر غلط ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پاکستانی فضائیہ دنیا کی بہترین ائیرفورس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے بڑے اعلان کو بھارت سمیت دنیا بھر میں سراہا گیا

رہنما ن لیگ نے کہا کہ بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسی اچھی طرح سے اس بات سے واقف ہے کہ ہمارا ایٹمی نظام ان سے بہت بہتر ہے۔ دونوں قوتیں جانتی ہیں کہ جنگ کی صورت میں دونوں ممالک کا نقصان ہے اور یہی نہیں اس سے آدھی دنیا متاثرہوگی۔

او آئی سی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو او آئی سی کے فورم پر جانا چاہیئے اور اپنا موقف اور احتجاج ریکارڈ کراناچاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ امن کی باتیں کسی مہذب قوم کے ساتھ کی جاتی ہیں وہاں نہیں جہاں اس کوکمزوری سمجھا جائے۔ بھارت جانتا ہے کہ وہ لڑے گا نہیں بلکہ صرف آپ کو کمزور کرے گا۔ ہمیں بہت محتاط رہ کر چلنے کی ضرورت ہے۔

ہمارا مقصد یہ ہے کہ خطے میں امن قائم ہو،عمر چیمہ 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر چیمہ نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ خطے میں امن قائم ہو۔ اس وقت پاکستانی موقف تسلیم کیا جارہا ہے اور دنیا ہماری بات سمجھ بھی رہی ہے۔

سفارتی کوشیشوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کو بہت گہرائی سے دیکھ رہے ہیں اور دنیا کو اپنا موقف پہنچا رہے ہیں۔

پاکستان کی سفارتی کمزوریوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سعودی وزیرخارجہ آرہے ہیں تو یہ ایک بڑی بات ہے۔ کسی سے تجارت  کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم اس کے سامنے اپنا موقف پیش نہ کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بہت پر زور انداز میں اپنا موقف پیش کرچکی ہے۔


متعلقہ خبریں