وزیراعظم کے بڑے اعلان کو بھارت سمیت دنیا بھر میں سراہاگیا


وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابہی نندن کی رہائی کے اعلان کو بھارت میں بے انتہا پذیرائی مل رہی ہے۔

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے بھارتی پائلٹ کی رہائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خیرسگالی کی جانب ایک قدم ہوگا۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ خیرسگالی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ ونگ کمانڈر ابہی نندن کی رہائی کا فیصلہ مثبت علامت ہے اور اسے واحد اچھے فیصلے کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا جارہا ہے جب پاکستان تناؤ مزید بڑھانے کا بھی انتخاب کرسکتا تھا۔ میں اسے مفاہمت کی علامت کے طور پر دیکھتی ہوں۔ ہماری قیادت کو بھی اس کا مثبت جواب دینا چاہیے۔

ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا ہے۔ اب ہماری سیاسی قیادت کو بھی تناؤ کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام سخت دباؤ کا شکار ہیں، ہمیں کب تک یہ برداشت کرنا پڑے گا؟

بھارتی صحافی ساگاریکا گھوس نے کہا کہ محترم مودی جی سے معذرت چاہتی ہوں لیکن انہیں سفارتی، عوامی اور جنگی محاذ پر ایک جارحانہ کرکٹ کپتان نے شکست دے دی ہے۔

صحافی برکھا دت نے کہا کہ ہمیں عمران خان کے ابھی نندن کو رہا کرنے کے فیصلے کو خوش آمدید کہنا چاہیے۔ کشیدگی کم کرنے کے لیے درازہ کھل گیا ہے۔ اور اس وقت ٹی وی اینکرز کی جانب سے بے جا تنقید کی قطعاً ضرورت نہیں۔

صحافی شوبھا ڈے نے بھارتی پائلٹ کو وطن واپس بھیجنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عمران خان کے اقدام کو سراہا۔

پرتگالی سیاستدان برونو ماکس کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے پہلے بڑے بحران کا متاثر کن انداز میں مقابلہ کیا جبکہ مودی غائب رہے۔

بھارتی مصنف کرشنن پرتاپ سنگھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی پاکستانی وزیراعظم کو اتنی بری طرح بھارتی وزیراعظم کو شکست دیتے نہیں دیکھا۔

بھارتی سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو نے بھی پاکستانی وزیراعظم کے فیصلے کی تعریف کی۔


متعلقہ خبریں