بھارتی پائلٹ کو کل واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس بھیجا جائے گا


وزیراعظم عمران خان کے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد ابھی نندن کو بھارت پہنچانے کے لئے تیاری شروع کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو کل واہگہ بارڈر کے راستے سے بھارت بھیجا جائے گا۔ پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے ائیر اتاشی گروپ کیپٹن جے ڈی کوریین انہیں لے کر جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق فضائی حدود بند ہونے کے باعث کوئی طیارہ پاکستان نہیں آرہا، جس کی وجہ سے بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر کے ذریعے لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان آج پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس وقت متحد ہے۔ میں نے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو اقوام متحدہ میں ملاقات کے لیے خط بھی لکھا تھا لیکن خط کا جواب مثبت نہیں آیا جس کی وجہ وہاں کے انتخابات تھے اور مجھے خوف تھا کہ بھارت اپنے انتخابات سے قبل کوئی ڈرامہ کرے گا۔

واضح رہے پاکستان نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔ پاکستان کی حدود میں گرنے والے بھارتی جہاز کا پائلٹ زندہ بچ گیا تھا جسے پاک فوج نے گرفتار کر لیا تھا۔

بھارتی پائلٹ کی گرفتاری کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم بھارتی پائلٹس کے ساتھ انسانی بنیادوں پر سلوک کریں گے۔

ابھی نندن کے قبضے سے مختلف سامان بھی برآمد ہوا۔ جس میں ایک پستول، گولیاں نقشے اور دیگر کاغذات شامل ہیں۔

بھارت نے اپنے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گمشدگی کا اعتراف کر لیا ہے جب کہ بھارتی ایئر فورس کے ایئر مارشل آر جے کپور پریس کانفرنس میں سوالات کا جواب دیئے بغیر ہی اُٹھ کر چلے گئے۔

بھارتی میڈیا کو لاپتہ ہونے والے پائلٹ کی تلاش ہے، جس کے لیے بھارتی میڈیا کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا گیا ہے کہ انڈین ائرفورس کا پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن مگ 21 طیارے پر گیا تھا جو تاحال واپس نہیں آیا۔


متعلقہ خبریں