بھارت نے ہمیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا، فیصل واوڈا 


اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف فیصل واوڈا نے کہا کہ بھارت نے ہمیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔ ہم ابھی بھی امن کی بات کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں لیکن اگرکوئی ہمارے گھرمیں گھنسے گا تو ہم برداشت نہیں کریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن کا کردار بہت مثبت ہے۔ او آئی سی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت شاہ محمود قریشی کی کوشش ہوگی کہ ان (سشما سوراج) کا دعوت نامہ منسوخ ہو۔ کانفرنس کا بائیکاٹ کرنا کسی طور مناسب نہیں کیونکہ اس وقت ہمیں ان کی ضرورت بھی ہے اور پاکستان او آئی سی کے بانی رکن ممالک میں سے ہے۔

اس وقت پوری قوم متحد ہے، جنرل (ر) قادر بلوچ 

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی جنرل (ر) قادر بلوچ نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن اپنا فرض ادا کررہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے اپنا فرض ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام ثبوت پیش کیے اور تمام حقائق سب کے سامنے ہیں اور اس وقت پوری قوم متحد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب کی ایک ہی سوچ ہے، چاہے وہ حکومت ہو، عوام ہو یا اپوزیشن۔ اس وقت سب ملک کی خاطر اپنا فرض ادا کریں گے۔ پاک فوج نے قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج ایک نا تجربے کار فوج ہے،بریگیڈیئر(ر)حارث

او آئی سی کے حوالےسے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کی کانفرنس میں ایک غیر مسلم ملک کی رہنما کو مہمان خصوصی رکھنا کسی طور ٹھیک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی بھارتی وزیر خارجہ کو بلانے کا فیصلہ واپس لے۔

کشمیریوں کے قاتلوں کو او آئی سی میں بلا کر بیٹھا دینا بہت افسوس ناک ہے،اعجاز الحق 

اعجاز الحق نے او آئی سی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پریشان کن بات ہے کہ او آئی سی نے بھارت کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے قاتلوں کو وہاں بلا کر بیٹھا دینا بہت افسوس ناک ہے۔ اس وقت صورتحال بہت خراب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اگر پاکستان شرکت نہیں کرے گا تو او آئی سی کو کبھی دوبارہ ایسا کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔

اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے بہت دکھ  کی بات ہے اور اس پر پاکستان کو سخت موقف اختیار کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں