عمران خان نے آج بھی بھارت کو امن کا پیغام دیا، میر واعظ


اسلام آباد: حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بھارتی فوجی پائلٹ کو رہا کرنے کا حکم دے کر امن کا پیغام دیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان امن کی بات کررہا ہے تو یہ اس کی کمزوری نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو بھی پاکستان کے رویئے کا خیر مقدم کرنا چاہیے۔

میر واعظ نے کہا کہ بھارت کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو شدت پسندی سے جوڑا جائے اور یہی وجہ ہے کہ طالبعلموں اور نوجوانوں کو اس جنگ میں جھونکا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بار بار بھارتی قیادت سے کہا کہ اس مسئلے کو بات چیت کرکے حل کیا جائے لیکن ایسا نہیں ہورہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عالمی برادری سے کوئی توقع نہیں کیونکہ ہمیں وہاں سے مثبت جواب نہیں مل رہا۔

مشیرسابق بھارتی وزیراعظم واجپائی سریندرا کلکرنی نے کہا کہ دونوں قوموں کو آمنے سامنے بیٹھ کر بات کرنی چاہیئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اس پورے معاملے پر پاکستان نے بہت بہتر اور اچھا رویہ اختیار کیا جبکہ بھارتی سیاسی قیادت نے ایسا نہیں کیا۔

او آئی سی کے حوالےسے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ او آئی سی نے کیسے بھارت کو یہ دعوت نامہ دے دیا اور ہم بے خبر رہے۔ اس بات پر پاکستانی حکومت کو احتجاج کرنا چاہیے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلمز فار ٹرمپ کے سربراہ ساجد تارڑ نے کہا کہ میں اپنی دفاعی اور سیاسی قیادت کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں کیونکہ انہوں نے بہت اچھے طریقے سے صورتحال سے نمٹا۔

انہوں نے کشمیر کے حوالےسے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو حل ہونا چاہیے اور امریکی صدر بھی یہی چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ بات چیت سے حل ہو۔


متعلقہ خبریں