پاک بھارت کشیدگی، پمز میں ایمرجنسی نافذ


اسلام آباد : پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے باعث پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

یہ فیصلہ اسپتال کے ایگزیکٹو بورڈ کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ وزیر صحت عامر کیانی کو ایمرجنسی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

پمز اسپتال میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کنٹرول روم قائم کر دیا گیا جبکہ ایمرجنسی لائٹس کے علاوہ تمام لائٹس بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جینریٹرز کے لیے 5 روز کا پٹرول اسٹاک رکھا جائے گا جبکہ اسپتال کی 17 ایمبولینسز ڈرائیورز کے ساتھ ہمہ وقت تیار رہیں گی۔

مزید پڑھیں: بھارتی پائلٹ کو کل رہا کر دیا جائے گا، عمران خان

فیصلے کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں نرسز اور پیرا میڈکل اسٹاف کی موجود رہے گا۔

اس کے علاوہ پمز اسپتال کی نئی ایمرجنسی بلڈنگ کو وارڈ کے طور پر استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈاکٹر طارق اقبال اور ڈاکٹر ذوفشاں جبین کو برن یونٹ کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر رزاق سومرو  کو چلڈرن اسپتال کی نگرانی سونپ دی گئی۔

ایمرجنسی کی صورت میں بلڈ بنک میں خون کی موجودگی ضروری بنانے اور وارڈز میں بیڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسپتال کے تمام عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں۔


متعلقہ خبریں