فضائی بندش:سعودی حکومت کا عمرہ زائرین کی میزبانی کا اعلان

Umrah

عمرہ زائرین کیلئے نئی ہدایات جاری


اسلام آباد: سعودی عرب کی حکومت نے مکہ اور مدینہ میں فضائی حدود کی بندش کے بعد پھنس کررہ جانے والے عمرہ زائرین کی میزبانی کا اعلان کردیا ہے۔ عمرہ زائرین کو حکومتی احکامات پر مکہ اورمدینہ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا جارہا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث زائرین عمرہ کی بڑی تعداد سعودی عرب میں پھس کررہ گئی ہے کیونکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم سعودی عرب کے سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت پروازیں بحال ہونے تک عمرہ زائرین کی میزبانی کرے گی۔

سعودی عرب کے سفارتخانے کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت ائیر لائنز کے ساتھ رابطے میں ہے۔ مکہ مکرمہ سے سفر کرنے والے عمرہ زائرین کو مکہ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا جا رہا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کے احکامات پر مدینہ منورہ  سے سفر کرنے والے زائرین کے لیے مدینے کے ہوٹلوں میں بکنگ کرائی گئی ہے۔

سعودی عرب کے شہر جدہ سے شائع ہونے والے مؤقر اخبار ’اردو نیوز‘ کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث فضائی سرحدیں بند کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے عمرہ زائرین پھنس کررہ گئے ہیں۔

اخبار کے مطابق سعودی حج وعمرہ قومی کمیٹی نے عمرہ کمپنیوں اور اداروں کے تعاون سے ہزاروں عازمین کی میزبانی شروع کردی ہے۔

حج و عمرہ قومی کمیٹی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محمد بن بادی نے معروف اخبار ’سبق‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورہندوستان کے پھنس کر رہ جانے والے عمرہ زائرین کی میزبانی وزارت حج کے زیراہتمام کی جارہی ہے۔

انہوں نے اس ضمن میں بتایا کہ عمرہ کمپنیوں اور اداروں سے رابطے کرلیے گئے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین معمول کی پروازیں دستیاب نہ ہونے کے باعث مشکل صورتحال سے دوچار ہوگئے ہیں۔

محمد بن بادی کے مطابق زائرین کو درپیش مشکل صورتحال کا ادراک کرکے ہی میزبانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں