اقوام متحدہ: بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیرمقدم


اسلام آباد: اقوام متحدہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے زیر حراست انڈین ایئر فورس کے پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئٹرس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا فیصلہ موجودہ کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔

ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئٹرس پاکستان اور بھارت کی قیادتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انتونیو گوئٹرس کے ترجمان نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ موجود کشیدگی میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

اقوام متحدہ نے اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے مابین موجود حل طلب مسائل کا تصفیہ کرانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنےکی پیشکش کی تھی۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ اگردونوں ممالک رضامند ہوں تو وہ تصفیہ طلب مسائل حل کرانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دو ہفتے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھیجے گئے خط میں باقاعدہ درخواست کی تھی کہ وہ دونوں ممالک کے مابین پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کے دن پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے درپیش صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو کل رہا کردے گا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق موجود کشیدگی کے باعث چونکہ فضائی حدود کی بندش ہے اس لیے غالب امکان یہی ہے کہ واہگہ بارڈر پر انڈین ایئر فورس کے پائلٹ کو بھارتی ہائی کمیشن اور وہاں موجود دیگر اعلیٰ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

ہنوئی، ویتنام سے فلپائن پہنچنے والے امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین موجود کشیدگی کم کرانے کی تمام ممکنہ کوششیں کررہے ہیں۔

انہوں نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے مابین پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی آجائے گی۔

امریکہ کے سیکریٹری خارجہ نے واضح کیا کہ وہ دونوں ممالک کی قیادتوں سے رابطے میں ہیں اوراس ضمن میں ان کی طویل گفتگو بھی ہوئی ہے۔

امریکی خفیہ ایجنسی ’سی آئی اے‘ کے سربراہ رہ چکنے والے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائک پومپیو نے زور دے کر کہا کہ فی الوقت یہ ضروری ہے کہ کوئی ایسا قدم نہ اٹھایا جائے جس سے موجود خطرات میں اضافہ ہوجائے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ نے دعویٰ کیا کہ کم سے کم مدت میں دونوں ممالک کے درمیان موجود کشیدگی کم کرالی جائے گی۔


متعلقہ خبریں