ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی حکام کے حوالے


لاہور:بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ابھی نندن کی واپسی سے متعلق دفتر خارجہ نے بیان بھی جاری کیا ہے جس میں ان کی واپسی کی تصدیق کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ابھی نندن کے طیارے کو پاک فضائیہ نے آزاد کشمیر میں نشانہ بنایا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ابھی نندن کو عزت و احترام کے ساتھ بین الاقوامی قوانین کے مطابق بھارت بھیجا گیا، وزیراعظم عمران خان نے جذبی خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کی واپسی کا اعلان کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ابھی نندن کو بھارت کےحوالے کرتے وقت پاکستان نے میڈیکل سرٹیفکیٹ دیا۔

بھارتی حکام ابھی نندن کا تفصیلی میڈیکل چیک اپ کرائیں گے، بھارتی پائلٹ کےپیشاب اور خون کےنمونے لیےجائیں گے۔ اس کے بعد اہل خانہ سے ملاقات کرائی جائے گی۔

بعدازاں ونگ کمانڈر سے بھارتی فضائیہ کے حکام باز پرس کریں گے۔

بھارتی پائلٹ کا ویڈیو پیغام

راونگی سے قبل بھارتی پائلٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارتی میڈیا چھوٹی سی چیز کو مرچ لگا کر پیش کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ٹارگٹ تلاش کر رہا تھا اسی دوران پاکستان ایئر فورس نے میرا طیارہ گرادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنا جہاز چھوڑنا پڑا جو ٹوٹ گیا تھا، طیارہ ہٹ ہوا تو میں نےخود کوطیارے سے باہر نکالا، میں نے اپنی پستول گرائی اور بھاگنا شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ جب میرا پیراشوٹ کھلا نیچے گرا تو میرے پاس پستول تھی،لوگ بہت زیادہ تھے، بچاوَ کا ایک ہی راستہ تھا، پستول گرائی اور بھاگنا شروع کردیا۔

بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے دوجوانوں نے مجھے بچایا اوراپنے یونٹ لے گئے، دونوں جوانوں میں سےایک کپتان بھی تھا۔

وزیراعظم کا بڑا اعلان

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ روزگرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ کو بغیر کسی دباؤ کے جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھیجا جارہا ہے۔

اُدھر بھارت میں ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے واہگہ بارڈر کی دوسری طرف اٹاری سے لوگوں کو ہٹا دیا ہے۔

اس سے قبل بھارتی پائلٹ کو آج اسلام اباد سے لاہور لے جایا گیا اور پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے ائیر اتاشی گروپ کیپٹن جے ڈی کوریین انہیں لے کر گئے۔

واہگہ بارڈر پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ابھی نندن کی حوالگی کے موقع پرعام عوام کا داخلہ ممنوع ہے۔

اس سے قبل بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن ریٹائرڈ امریندر سنگھ نے اپنی حکومت سے کہا کہ میں پنجاب کے سرحدی علاقے امرتسر میں موجود ہوں۔ مجھے علم ہوا ہے کہ پاکستان بھارتی پائلٹ رہا کر رہا ہے۔ ابھی نندن کو وصول کرنا میرے لیے اعزاز کی بات کی ہوگی۔


پاکستان نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کو دعوت دی تھی لیکن انہوں انکار کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا جائے گا، عمران خان

گرفتار بھارتی پائلٹ کا ویڈیو بیان

یاد رہے کہ پاکستان نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دو بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔ پاکستان کی حدود میں گرنے والے بھارتی جہاز کا پائلٹ زندہ بچ گیا تھا جسے پاک فوج نے گرفتار کر لیا تھا۔

ابھی نندن کے قبضے سے مختلف سامان بھی برآمد ہوا تھا جس میں ایک پستول، گولیاں نقشے اور دیگر کاغذات شامل ہیں۔ بھارت کے گرفتار پائلٹ نے پاک آرمی کے اچھے سلوک کی تعریف بھی کی تھی۔

پاک بھارت دوستی بس سروس بحال

دوسری جانب پاک بھارت دوستی بس بھی 16 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ ہوگئی ہے۔ بس صبح 6 بجے لاہور گلبرگ سے روانہ ہوئی۔ مسافروں کو واہگہ بارڈر پر امیگریشن مکمل کروانے کے بعد روانہ کیا جائےگا۔ دوستی بس واہگہ بارڈر پر امیگریشن کلئیر کروانے کے بعد دہلی روانہ ہوگی۔


متعلقہ خبریں