پارلیمان کا مشترکہ اجلاس: بھارتی جارحیت کیخلاف قرار داد منظور



اسلام آباد: پاکستان کی مشترکہ پارلیمان میں بھارتی دراندازی اور جارحیت کیخلاف متفقہ طور پر قرار داد منظور کرلی گئی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی  نے پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں قرارداد پیش کی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پورا ایوان اور قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، واضح ہو گیا بھارتی جارحانہ اقدامات کی وجہ الیکشن ہے۔

قرارداد کے متن میں درج ہے کہ پاکستان فضائیہ کی بروقت کارروائی نے حملے کو ناکام بنایا، پاکستان نے واضح کر دیا جارحیت کی صورت میں جواب دیا جائے گا، بھار ت نے بغیر تحقیقات کے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگایا۔

متن میں درج ہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں اقلیتوں پر تشدد بند کیا جائے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی مذمت کرتے ہیں۔

وزیرخارجہ کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ  ایوان او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتا ہے، ایوان مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی نظر بندی اور کشمیری عوام پر مظالم کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں درج ہے کہ ایوان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کرتا ہے، ایوان اقوام متحدہ پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کرے، ایوان بھارتی پارلیمان سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مشترکہ اجلاس بلاکر پاکستان کی جانب سے ان کی بات کو سپورٹ کریں۔

 


متعلقہ خبریں