سابق بھارتی چیف جسٹس عمران خان کے ناقد سے مداح بن گئے


نئی دہلی: پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے پہلا قدم اٹھانے پرسابق بھارتی چیف جسٹس مرکنڈے کاٹجو وزیراعظم عمران خان کے مداح بن گئے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپر بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج اور پریس کونسل آف انڈیا کے چیئرمین مرکنڈے کاٹجو نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پہلے وہ عمران خان کے ناقد تھے لیکن ان کی پرتحمل اوردانشمندانہ تقریر کے بعد عمران خان کے مداح بن گئے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ وہ عمران خان کی تقریرسے بہت متاثر ہوئے ہیں، انہوں نے ہمارے لیڈروں کے برعکس اسٹیٹسمین والے تحمل اوردانش مندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق بھارتی چیف جسٹس اپنی حکومت کو پہلے ہی جنگ سے باز رہنے کی تلقین کرچکے ہیں کہ پاکستان نہ صرف جوہری طاقت ہے بلکہ بھرپورجواب دینے کے لیے فوج بھی تیار ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے اور تعلقات کی بحالی کے لیے گرفتار بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہیں بھارت سمیت دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ  کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس نے بھی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے زیر حراست بھارتی  پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا تھا۔

27 فروری کو بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی جس پر پاکستان ائیرفورس نےفوری کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے دوطیارے مار گرائے تھے اور ایک طیارہ پاکستان کی حدود میں گرنے سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا گیا۔


متعلقہ خبریں