بھارتی پائلٹ کی حوالگی کے خلاف دائر درخواست خارج


اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی حوالگی کے خلاف دائر درخواست خارج کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھیجنے کا اعلان کیا تھا جس پر سینیٹ یا قومی اسمبلی کے کسی ایک رکن نے بھی اعتراض نہیں اٹھایا ۔

جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کا یہ تاثر درست نہیں کہ وزیراعظم نے ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا ، پارلیمنٹ میں کئے گئے ایسے فیصلوں پر کوئی حکم جاری کرنا ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار نہیں۔

واضح رہے وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں گرفتار بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس وقت متحد ہے۔ میں نے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو اقوام متحدہ میں ملاقات کے لیے خط بھی لکھا تھا لیکن خط کا جواب مثبت نہیں آیا جس کی وجہ وہاں کے انتخابات تھے اور مجھے خوف تھا کہ بھارت اپنے انتخابات سے قبل کوئی ڈرامہ کرے گا۔


متعلقہ خبریں