بھارتی ماحولیاتی دہشتگردی پر اقوام متحدہ سے رجوع کریں گے، ملک امین اسلم


پاکستان نے بھارت کی جانب سے جنگلات پر پے لوڈ گرانے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر اقوام متحدہ میں شکایت درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وزیراعظم کےمشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کے نتیجے میں جنگلا ت کو ہونے والے نقصان کا تعین کر رہا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر اقوام متحدہ میں شکایت درج کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی طیاروں نے پاکستان کے جنگلات پر  گولہ بارود پر مشتمل پے لوڈ  گرائے جو کہ ماحولیاتی دہشت گردی کے مترادف ہے، بمباری کے نتیجے میں درجنوں کی تعداد میں قیمتی درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس ضمن میں ملک امین اسلم نے ہم نیوز ڈاٹ پی کے کو بتایا کہ بھارتی طیاروں نے ہمارے جنگل پر گولہ بارود پر مشتمل پے لوڈ پھینکا ہے ۔ بھارت کی طرف سے ماحولیاتی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا گیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی اس حرکت کے بعد ہم نے ماحولیاتی سروے کرنے کا فیصلہ کیاہے اور کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں اس حوالے سے تجویز میں نے ہی دی تھی جسے وزیراعظم عمران خان سمیت کابینہ اراکین نے سراہا۔

ملک امین اسلم کے مطابق وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو اس ضمن میں سروے رپورٹ مرتب کرنے کے لیے کہہ دیا گیاہے۔ لگ بھگ ایک ہفتے میں یہ رپورٹ مکمل ہوجائیگی ۔ملک امین اسلم نے کہا رپورٹ آنے کے بعد ہم متعلقہ عالمی فورم سے رجوع کرینگے۔

واضح رہے  26 فروری کی صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں در اندازی کی جس کو پاک فضائیہ نے ناکام بنا دیا تھا۔

بھارتی طیارے واپس اپنی سرحد عبور کرنے کے لئے طیارے کو پے لوڈ  پھینک گئے تھے جس سے درجن سے زائد درخت متاثر ہوئے ۔


متعلقہ خبریں