اردن کے بادشاہ عبداللہ ثانی کی کشیدگی کم کرانے کے لیے ثالثی کی پیشکش


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے اردن کے بادشاہ عبداللہ بن حسین نے رابطہ کرکے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق  وزیراعظم عمران خان سے کنگ عبداللہ  ثانی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے دوران انہوں نے پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے شاہ عبداللہ ثانی کو پاکستان اور بھارت کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے عوام اور خطے کے امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اصل مسئلہ کشمیر ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

اردن کے بادشاہ نے کٹھن صورتحال میں بہترین کردار ادا کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت امن اور خوشحالی کے زریعے ملک سے غربت کا خاتمہ چاہتی ہے اور اسی پر کام میں مصروف ہے لیکن بھارت کے جنگی جنون کے باعث پورے خطے کا امن خطرے میں پڑگیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عبد اللہ ثانی کا ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں فضائی خلاف ورزی اور پاکستان کی طرف سے جوابی کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان صورتحال کیشدہ ہے،پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا تاہم اس کے باوجود بھارت کی جانب سے اس پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں