مقبوضہ کشمیر: دو افسران سمیت سات بھارتی فوجی ہلاک


سرینگر: بھارتی فورسز کی جانب سے چھاپوں اور گھر گھر تلاشی کے دوران جھڑپ کے نیتجے میں دو افسران سمیت سات اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے شمالی ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کی 22 راشٹرایہ رائفلز، سی آر پی ایف کی 92 بٹالین اور دیگر فورسز نے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔

بھارتی فوج کے اسی عمل کے دوران بھارتی فورسز اور مقامی کشمیریوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے نیتجے میں سی آر پی ایف کے دو انسپکٹراور پانچ اہلکار ہلاک اور چند زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک شخص کو جاں بحق سمجھا گیا تاہم جب بھارتی فوج کے اہلکار اس کے نزدیک گئے تو اس نے اٹھ کر فائرنگ شروع کردی جس کے نیتجے میں بھارتی فوجی مارے گئے۔

بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے نیتجے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں بھارت نے کشمیریوں کو جماعت اسلامی پر پابندی کے خلاف احتجاج سے روکنے کے لیے کرفیو نافذ کررکھا ہے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے حریت رہنماؤں کے گھروں پرچھاپے بھی مارے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ فروری کے دوران بھارتی فوج نے دو معصوم بچوں سمیت 27 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ قابض بھارتی فوج کی پیلٹ گننز اور فائرنگ کے نیتجے میں 184 لوگ زخمی ہوئے جبکہ ایک ماہ میں 681 شہریوں کو بھارتی فوج نے گرفتار کیا۔

متعلقہ خبریں