کرپشن کے الزامات پر دو نیب افسران نوکری سے برطرف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کے الزامات پر اپنے دو افسران کو نوکری سے نکال دیا۔

اس ضمن میں نیب کی جانب سے جاری اعلامیے  کے مطابق چیئرمین نیب نے کراچی کے گریڈ 18 کے افسر ڈپٹی ڈائریکٹر سرویش شیخ اور گریڈ 16 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاکر علی کو بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر نوکری سے برطرف کر دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں افسران کو قانونی تقاضوں اور انکوائری کو پورا کرتے ہوئے صفائی کا پورا موقع دیا گیا مگر مذکورہ افسران نہ صرف اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا دفاع کرنے میں ناکام رہے بلکہ قانون کے مطابق انکوائری میں بدعنوانی کے بھی مرتکب پائے گئے جس پر مذکورہ افسران کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔

واضح رہے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اپنے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد خود احتسابی کا جو اعلان کیا تھا اس پر نیب میں مکمل طور پر عمل کیا جا رہا ہے ۔

اعلامیے کے مطابق نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو نہ صرف اپنا قومی فریضہ سمجھتا ہے بلکہ اس کے لئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں