وزیراعظم کا ایل ڈی اے کی تنظیم نو کا حکم

وزیراعظم عمران خان، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارکی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے ایل ڈی اے کی تنظیم نو اور سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی گئی، وزیراعظم نے رپورٹ پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے سفارشات کے تناظرمیں اقدامات کا حکم دیا، وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقات کی روشنی میں کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔

اجلاس میں پنجاب پولیس کو غیرسیاسی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پولیس میں میرٹ پر تقرریاں ہوں گی،کرپشن کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں سابق حکومت کی شاہ خرچیوں اور ناقص منصوبہ بندی کو منظر عام پر لانے کا بھی  فیصلہ ہوا، کابینہ نےکہا کہ  پنجاب کو غلط منصوبہ بندی سے بارہ سو ارب کا مقروض کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرنے کی ہدایت کی۔

دوران اجلاس صوبائی وزیر قانون، بلدیات وپارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے پنجاب اسمبلی میں کی جانے والی قانون سازی سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی، وزیراعظم نے قانون سازی اور پارلیمانی امور بہتر طورپرچلانے پروزیرقانون کو سراہا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بلدیاتی قانون کے حتمی مسودے اور پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز کے سیکیورٹی پلان سے بھی آگاہ کیاگیا۔

اجلاس میں بی بی پاک دامن دربار کی تزئین وآرائش کا فیصلہ ہوا جس کے لیے زائرین کے قیام کی جگہ مزید وسیع کر نے کی منظوری دی گئی، زائرین کے لیے سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا نے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر بات چیت کی گئی، کابینہ نے قیام امن کے وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  پاکستان نے امن کے لیے آواز بلند کی اور عملی اقدامات بھی کیے۔

وزیراعظم نے دورہ لاہور کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں وزیراعظم نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تنظیم نو کا حکم دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے شہری علاقوں میں اونچی عمارتوں کی حد پر قوانین بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہری علاقوں میں پارکس اور درختوں کا تحفظ کیا جائے،کرپشن اور بد انتظامی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں