وزیر خارجہ کا روسی ہم منصب کو فون

افغان حکومت سفارتکاروں کو بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگے لیوروو کو ٹیلیفون کیا جس کے دوران خطے کی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کشیدگی کے خاتمے کیلئے روس کے تعمیری کردار کو سراہا۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت تمام مسائل مذاکرات اور پرامن انداز سے حل کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے روس کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات کیلئے روس کی میزبانی کی پیشکش قابل قدر ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے کسی دباؤ میں آکر بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے دعوے کو مسترد کردیا

وزیر خارجہ نے کہا کہ روس کا مشترکہ پارلیمانی اجلاس کا خیرمقدم خوش آئند ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی استحکام کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ پلوامے حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاک سرزمین پر چار بم گرائے تاہم ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دو روز بعد پاک فضائیہ نے اپنی فضائی حدود میں دو بھارتی طیارے مار گرائے جن میں سے ایک آزاد جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ جائے وقوعہ سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لیا گیا۔

گرفتاری کے اگلے ہی روز وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کردیا جسے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں بے انتہا سراہا گیا۔ یہاں تک کے ٹوئٹر پر عمران خان کو نوبیل انعام دینے تک کا ٹرینڈ چل پڑا۔

ابھی نندن کو جمعے کے روز براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔

کشیدہ صورت حال کے پیش نظر وزیر خارجہ اس سے قبل کئی دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی رابطے میں رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں