پی ٹی وی انتظامیہ سے کئی معاملات پر اختلاف ہے، وزیر اطلاعات

پی ٹی وی انتظامیہ سے کئی معاملات پر اختلاف ہے، وزیر اطلاعات | ہم نیوز

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ان کے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) انتظامیہ کے ساتھ کئی معاملات پر اختلافات ہیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی انتظامیہ ابھی تک بچوں کا چینل شروع نہیں کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی انتظامیہ پی ٹی وی ورلڈ کی تنظیمِ نو کرنے میں بھی ناکام رہی جبکہ موجُودہ بحران کے دوران ہمیں انگریزی چینل کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل پی ٹی وی میں تقرریوں کے معاملے پر چوہدری فواد حسین نے اپنے ہی پارٹی رہنما نعیم الحق کو دبے لفظوں میں سخت پیغام دیا تھا۔

نعیم الحق نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پی ٹی وی اور اس کی انتظامیہ پر مکمل بھروسہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ بی بی سی کی طرز پر پی ٹی وی ایک آزاد ادارے کی طرح کام کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اسے یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کرے گی۔

اس ٹوئٹ کا جواب فواد چوہدری نے شاعرانہ انداز میں کچھ اس انداز میں دیا۔

‏ہوا ہے شہ کا مصاحب پھرے ہے اتراتا

‏وگرنہ شہر میں غالبؔ کی آبرو کیا ہے

بعدازاں فواد چوہدری کے ٹوئٹ پر اپنے ردعمل میں نعیم الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی میں نئے آنے والوں کو عمران خان کے فلسفے کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مضبوط نظریاتی تحریک ہے، تحریک انصاف کی کامیابی قیادت کے پر عزم ہونے کی وجہ سے ہے۔

نعیم الحق کے مطابق پارٹی قیادت نے انصاف اور شفافیت کا علم بلند کیا ہوا ہے، قیادت کے نظریہ کے مخالف کا پارٹی میں کوئی مستقبل نہیں۔


متعلقہ خبریں