سعودی وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار

سعودی وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار

اسلام آباد: سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار ہوگیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ عادل الجبیر کی آج آمد متوقع تھی تاہم اب دورے کے شیڈول میں تبدیلی کردی گی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سعودی وزیرخارجہ پہلے بھارت کا دورہ کریں گے۔ سعودی وزیر خارجہ کے دو ملکی دورہ کی تفصیلات نئے شیڈول کے مطابق ترتیب دی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عادل الجبیر کے مجوزہ دورے میں ملاقاتوں کے ایجنڈا کو حتمی طے کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

سعودی وزیرخارجہ دورے پاکستان میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام بھی لائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ عادل الجبیر کے دورے کا مقصد پاک بھارت کشیدگی دور کرنے کے اقدامات کرنا ہے۔

خیال رہے کہ پلوامے حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاک سرزمین پر چار بم گرائے تاہم ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دو روز بعد پاک فضائیہ نے اپنی فضائی حدود میں دو بھارتی طیارے مار گرائے جن میں سے ایک آزاد جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ جائے وقوعہ سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لیا گیا۔

گرفتاری کے اگلے ہی روز وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کردیا جسے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں بے انتہا سراہا گیا۔ یہاں تک کے ٹوئٹر پر عمران خان کو نوبیل انعام دینے تک کا ٹرینڈ چل پڑا۔

ابھی نندن کو جمعے کے روز براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔


متعلقہ خبریں