فواد چودھری نے بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا کو اصل تصویر دکھادی


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر’بڑک‘ مارنے والی بالی ووڈ اداکارہ کی دھلائی کردی۔ انہوں نے پریتی زنٹا کواصل تصویر دکھا دی۔

ہم نیوز کے مطابق بالی ووڈ کی اداکارہ پریتی زنٹا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی پائلٹ نے پاک فضائیہ کا ایف -16 طیارہ گرا د یا ہے۔

 

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بالی ووڈ اداکارہ کو نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ والوں کا سب سے بہترین کام یہ ہوگا کہ وہ ہر اس معاملے میں اپنی ناک نہ گھسیڑیں جو ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ان میں سے اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جنہوں نے اپنا اسکول بھی مکمل نہیں کیا اور انہیں انتہائی بنیادی باتوں کا بھی علم نہیں ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بالی ووڈ اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جنگیں اتنا سنجیدہ موضوع ہیں کہ ان پر ایسے جوکرز کو تبصرہ نہیں کرنا چاہیے جو قسمت کے بل بوتے پر ’سلیبریٹیز‘ بن جاتے ہیں۔

پریتی زنٹا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں یہ ’بڑک‘ ماری تھی کہ یہاں امریکہ میں لوگ یہ سن کر انتہائی حیران ہیں کہ 65 سالہ پرانے روسی طیارے سے امریکی ایف – 16 طیارہ پاک بھارت سرحد پر گرادیا گیا ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ نے اس ضمن میں کہا تھا کہ یہ سب کچھ پائلٹ کی بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔ پریتی زنٹا کا کہنا تھا کہ بہترین طیارہ دراصل وہ ہے جس میں بہترین پائلٹ براجمان ہے۔

بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے جہازکو ملک کی حدود میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اس وقت گرادیا تھا جب وہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کی فضاؤں میں داخل ہو گیا تھا۔

آزاد کشمیرکے علاقے میں گرنے والے بھارتی جہاز کے پائلٹ جو کہ پیراشوٹ کے ذریعے جہاز سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے، کو زمین پر گرنے کے بعد اس وقت پاک فوج کے جوانوں نے بچا کراپنی حفاظت میں لیا تھا جب انہیں مشتعل ہجوم نے چاروں اطراف سے گھیر لیا تھا۔

پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے طور پر پوری دنیا کے سامنے بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا ہے۔


متعلقہ خبریں