نکاح پر نکاح ،اداکارہ میرا کے خلاف فوجداری کارروائی روک دی گئی


لاہور :لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں اسکینڈل کوئین میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس میں فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

اداکارہ میرا نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف نکاح پر نکاح کیس ایڈیشنل اینڈ سیشن جج لاہور عدنان طارق کی عدالت میں زیرسماعت ہے۔ اس لیے اس پر فوجداری کارروائی نہیں ہوسکتی۔

اداکارہ میرا کے سابق شوہر عتیق الرحمان کے وکیل نے کہا کہ فیملی عدالت ادکارہ میرا کو پہلے ہی عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے چکی ہے، میرا نے کیپٹن نوید کے ساتھ نکاح پہ نکاح کیا، اس لیے ان کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس میں فوجداری کارروائی روک دی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عظمت اللہ اعوان نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ میرا کے خلاف فوجداری مقدمہ کی کارروائی تاحکم ثانی روکی جاتی ہے۔

مزید پڑھیے: نکاح پر نکاح کیس: میرا کے خلاف ضابطہ فوجداری کی کارروائی کی درخواست

اداکارہ میرا کے نکاح پر نکاح کیس میں ضابطہ فوجداری کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے درخواست میرا کے سابق شوہر عتیق الرحمان نے کینٹ کورٹ میں فوجداری مقدمہ دائر کرنے کیلئے درخواست دی تھی۔

اس سے قبل تکذیب نکاح کیس میں بھی اداکارہ میرا کے خلاف فیصلہ آچکا ہے جس میں فیملی کورٹ کے جج نے 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ میں اداکارہ میرا کے دعوِی کو خارج کرتے ہوئے عتیق الرحمان سے ان کے نکاح کو حقائق پر مبنی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:اداکارہ میرا کے اکاؤنٹ سے چار لاکھ روپے چوری ہو گئے

گلابی انگریزی اور بولڈ بیانات کے باعث خبروں میں اِن رہنے والی اداکارہ میرا کا کیریئر تنازعات سے بھرا پڑا ہے۔اداکارہ میرا کےناقدین کا کہنا ہے کہ اداکارہ میرا عدالتوں کے چکرمیں اسی لیے بھی پڑی رہتی ہیں تاکہ وہ خبروں میں جگہ بناسکیں۔


متعلقہ خبریں