سابق بھارتی ائیر وائس مارشل کی بھی بھارت پر تنقید


 نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے سابق ائیر وائس مارشل کپل کاک نے بھارت کو کھری کھری سنا دیں اوردباؤ کے تحت ابہی نندن کی رہائی کے امکان کو یکسرمسترد کردیا۔

کپل کاک نے کہا کہ  بھارت کو عمران خان کے جذبہ خیر سگالی کی تعریف کرنی چاہئیے جنہوں نے بغیر کسی دباؤ کے بھارتی پائلٹ کو رہا کر دیا۔

انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ انیس سو ننانوے میں بھی پاکستان نے بھارتی جہاز گرایا لیکن دوران جنگ ہی پائلٹ کو واپس کر دیا تھا، اس وقت بھی پاکستان پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار اپنی مقبولیت کھو رہی تھی،شاہ محمود قریشی

سابق ائیر وائس مارشل نے بھارتی سیاست دانوں اور عوام کے روئیے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگی جنون پیدا کرنا عالمی روئیے کے خلاف ہے لیکن بھارت میں اس سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس میں بھارتی میڈیا نے بھی جنگی جنون پروان چڑھانا سیکھا ہے اس روئیے کو ترک کرکے بات چیت کا راستہ اپنانا ہوگا۔

سابق بھارتی وائس ائیر مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مذاکرات لازمی ہیں اور جیسے گزشتہ حکومتوں نے کیے، پاکستان کو ڈرا کر پیچھے نہیں ہٹایا جا سکتا اسے مذاکرات کے ذریعے ہی منایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے پاکستان کی جانب سے اس کشیدہ ماحول کے باوجود پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو بحفاظت بھارت کےحوالے کردیا۔


متعلقہ خبریں