ایک ماہ میں بھارت کے آٹھ جنگی طیارے تباہ ہوئے


اسلام آباد: فضائی حملے کا دعویٰ کرنے والی بھارتی فضائیہ کا برا حال ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف ایک ماہ میں بھارت کے آٹھ جنگی طیارے تباہ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے ہاتھوں دو طیارے گنوانے والے مودی کو رافیل یاد آگئے

میڈیا رپورٹس کے مطابق اربوں مالیت کے طیاروں میں سے چار فنی خرابیوں کے باعث، دو آپس میں ہی ٹکرانے سے تباہ ہوئے جبکہ دو کو پاکستانی فضائیہ نے مار گرایا لیکن پھر بھی بھارت کا جنگی جنون برقرار ہے۔ یکم فروری کو بھارتی طیارہ میراج فنی خرابی کے باعث زمین بوس ہوگیا جب کے کچھ روز بعد 12 فروری کو بھارت کا مگ 27 تکنیکی خرابی سے گر کر تباہ ہوا اور رواں ماہ کے آخر میں ایک جنگی طیارہ بھی فنی خرابی کے باعث گر گیا۔

اسی طرح 19 فروری کو دو بے ہاک طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوئے جبکہ 27 فروری کو ایک طیارہ بڈگام میں زمین بوس ہوگیا اس کی تباہی کی وجہ بھی فنی بتائی جاتی ہے۔ اسی روز پاکستان کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی پر بھارت کے جنگی طیارے مگ 21 اور ایس کیو 30 کو مار گرایاگیا۔

فضائیہ کی یہ صورت حال ہونے کے باجود بھارت جنگ سے باز نہیں آرہا اور ابھی بھی لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے باعث اب تک کئی پاکستانی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں تاہم بھارت قدم پیچھے ہٹانے پر تیار نہیں۔


متعلقہ خبریں