بھارتی جیل میں قتل ہونے والے شاکر اللہ کو سپرد خاک کردیا گیا



سیالکوٹ: بھارتی جیل میں قتل کیے جانے والے پاکستانی شہری شاکر اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

بھارتی جیل میں 10 روز پہلے قتل کیے جانے والے پاکستانی شہری شاکر اللہ کی نماز جنازہ سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ میں ادا کی گئی۔ شاکر اللہ کو پلوامہ واقعہ کے بعد بھارتی جیل جے پور میں قتل کر دیا گیا تھا۔

بھارت نے شاکر اللہ کی میت گزشتہ روز پاکستان رینجرز کے حوالے کی۔ جس کو جوانوں نے عزت و احترام کے ساتھ لواحقین کے حوالے کیا۔

شاکر اللہ کی میت کو ورثا ایمبولینس کے ذریعے اپنے آبائی گاؤں ڈسکہ لے کر پہنچے تھے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت نے شاکراللہ کی میت پاکستان کے حوالے کردی

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری شاکر اللہ کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ پاکستان کو فراہم نہیں کی گئی ہے جب کہ پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دفتر خارجہ نے معاملے پر بھارت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی قیدیوں کا تحفظ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے، بھارتی حکومت تمام پاکستانیوں کی سلامتی کو یقینی بنائے۔

50 سالہ پاکستانی شہری شاکر اللہ کو 20 فروری کو بھارتی جیل جے پور میں انتہائی پسندوں نے ظالمانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا۔ ذہنی طور پر معذور شاکر اللہ نے سال 2003 میں غلطی سے سرحد پار کی تھی۔

مقتول شاکر اللہ کو بھارتی عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں سال 2017 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 40 سے زائد بھارتی ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارت نے روایتی انداز اپناتے ہوئے بلا تحقیق حملے الزام فوری طور پر پاکستان پرعائد کردیا تھا۔

پلوامہ حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے تھے۔


متعلقہ خبریں