نکیال سیکٹر پر شہید ہونے والےفوجی جوان عبدالرب کی نماز جنازہ ادا

نکیال سیکٹر پر شہید ہونے والےفوجی جوان عبدالرب کی نماز جنازہ ادا

فوٹو: فائل


تونسہ شریف: نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان حوالدار عبدالرب کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

شہید حوالدار کی نماز جنازہ اُن کے آبائی علاقے نتکانی تونسہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر فیاض کے علاوہ اعلیٰ فوجی افسران، سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے وقت عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا، لوگوں نے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

شہد کے جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

شہید حوالدار عبدالرب نے گزشتہ شب لائن آف کنٹرول نکیال سیکٹر پر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

شہید کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے شہید عبدالرب نے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کی خاطر اپنی جان قربان کی ہے۔

حوالدر عبدالرب کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا اور اُن کی عمر 31 سال تھی۔ شہید کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی اور اُن کی دو بیٹیاں ہیں۔

عبدالرب کے ہمراہ کے جوان نائیک خرم نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہید نائیک کا تعلق بھی ڈی جی خان سے ہے اور ان کی عمر 31 برس ہے جب کہ ان کی ایک بیٹی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

یاد رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے۔ بھارت نے دو بار پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی بھی کی تھی۔

پاکستان نے 27 فروری2018 کو فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کے دو جنگی طیارے بھی مار گرائے تھے۔ بھارت کا ایک طیارہ پاکستانی حدود میں گرا اور دوسرا سرحد پار گرا تھا۔

بھارتی فضائیہ کے ایک پائلٹ کو بھی پاکستان نے گرفتار کیا تھا جسے جذبہ خیرسگالی کے تحت واپس کردیا گیا ہے۔

بھارت نے بلاتحقیق پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے جس کی آڑ میں زمینی اور فضائی حدود کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔


متعلقہ خبریں