کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی فائرنگ

فوٹو: فائل


راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت کشیدگی برقرار ہے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جاری گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کشیدہ صورتحال تفصیلات جاری کر دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے یکم اور دو مارچ کو ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ جندروٹ، نیزہ پیر اور باغ سر کے سیکٹرز پر وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مختلف بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایل او سی پر فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ اور چوکنا ہے۔ نکیال سیکٹر سیکٹر پر شہید ہونے والے جوان حوالدار عبدالرب کی نماز جنازہ ڈی جی خان میں ادا کر دی گئی اور تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

شہید حوالدار کی نماز جنازہ اُن کے آبائی علاقے نتکانی تونسہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر فیاض کے علاوہ اعلیٰ فوجی افسران، سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے وقت عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا، لوگوں نے پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔

حوالدر عبدالرب کی عمر 31 سال تھی۔ شہید کی چار سال قبل شادی ہوئی تھی اور اُن کی دو بیٹیاں ہیں۔

یاد رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے۔ بھارت نے دو بار پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی بھی کی تھی۔

پاکستان نے 27 فروری2018 کو فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کے دو جنگی طیارے بھی مار گرائے تھے۔ بھارت کا ایک طیارہ پاکستانی حدود میں گرا اور دوسرا سرحد پار گرا تھا۔


متعلقہ خبریں