کراچی: 80 گز کے مکان سے 100 میٹر لمبی سرنگ کا انکشاف


کراچی کے علاقے ناظم آباد میں مکان میں سرنگ کھودنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیورج بورڈ کے عملے نے مکان سیل کرکے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کروایا ہے۔

مقدمہ واٹر بورڈ کے ایگزیکٹو مینجر ندیم احمد کی مدعیت میں درج ہوا ہے۔

پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ 80 گز کے مکان میں 15 فٹ گہری اور سو میٹر لمبی سرنگ کا مقصد تخریب کاری یا پانی کی چوری تو نہیں تھا ۔

بند مکان سےمٹی باہر نکلنے پر پولیس کو شبہ ہوا تھا۔ رضویہ تھانے کی پولیس نے چھاپہ مارا تو سرنگ کا انکشاف ہوا۔

خیال رہے کہ شہر قائد میں اس سے قبل بھی سرنگ کے ذریعے تخریب کاری کی کوشش کی جاچکی ہے۔

اکتوبر 2014 میں کراچی کی سینٹرل جیل پر سرنگ کے ذریعے حملے اور قیدیوں کو چھڑانے کا منصوبہ سندھ رینجرز نے ناکام بنایا تھا۔

کراچی کی سینٹرل جیل کے قریب غوثیہ کالونی کے ایک مکان میں سرنگ کھودی جا رہی تھی، جسے رینجرز نے بروقت کارروائی کر کے پکڑ لیا۔


متعلقہ خبریں