پاک بھارت سمجھوتہ ایکسپریس بحال



لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان کے چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس پانچ روز بعد بحال ہوگئی ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس بحال ہونے پرمسافروں نےسکھ کاسانس لیا۔150 یاتری بھارت جبکہ بارہ مسافر بخیریت پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

اس موقع پر مسافروں نے ٹرین چلنے پر خوشی کا اظہار کیا اور خطے کو جنگ سے بچانے کے لئے پاکستان کے اقدامات کوسراہا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سمجھوتا ایکسپریس ہفتے میں دو روز پیر اور جمعرات کو لاہور سے اٹاڑی کے راستے بھارت روانہ ہوتی ہے۔ ٹرین کی روانگی کا وقت صبح 8 بجے ہے۔

جمعرات کو 37 مسافروں نے بھارت روانہ ہونا تھا لیکن دونوں ممالک میں کشیدگی کے سبب ٹرین روانہ نہیں ہوسکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سمجھوتہ ایکسپریس، دوستی بس سروس معطل

بھارت نے مظفرآباد سے سرینگربس سروس بند کردی

بھارت روانہ ہونے والے مسافروں نے ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پیاروں سے ملنے جارہے ہیں دعا ہے کہ پاک بھارت تعلقات بہتر رہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے سبب گزشتہ جمعرات ٹرین کی روانگی منسوخ کی گئی تھی جو پانچ روز بعد بحال کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے اور سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر سمجھوتہ ایکسپریس بحال کردی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی دوستی بس سروس تاحال معطل ہے۔ دوستی بس سروس معطل کرنے کا فیصلہ بھارت کی جانب سے کیا گیا تھا۔ دوستی بس سروس بھی ہفتے میں دو بار چلائی جاتی ہے۔ پاکستان اور بھارت  کے درمیان چلنے والی دوستی بس سروس سے بند ہونے سے سرحد کی دونوں طرف لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بھارت حکومت نے پلوامہ حملے کے بعد مظفرآباد سے سرینگر تک چلنے والی بس سروس بھی بند کردی تھی جس سے دونوں طرف مسافر پھنس گئے تھے۔

 


متعلقہ خبریں