مسئلہ کشمیر حل کرنے والا نوبل انعام کا حقدار، عمران خان


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوبل امن انعام کا حقدار وہ شخص ہے جو مسئلہ کشمیر حل کرائے گا۔

عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ میں نوبل امن انعام کا حق دار نہیں ہوں بلکہ اس کا حق دار وہ شخص ہے جو تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرے گا۔

’میں امن کے نوبل انعام کا حقدار نہیں، وزیراعظم عمران خان‘

عمران خان نے کہا کہ جو شخص برصغیر میں امن اور انسانی ترقی کے لیے کوششیں کرے اور اس کا راستہ ہموار کرے وہی شخص نوبل امن انعام کا حقدار ہے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کے لیے نوبل انعام، قومی اسمبلی میں قرارداد جمع

وزیراعظم عمران خان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دیے گئے بیان کو پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹرہینڈل سے ہندی میں بھی ٹویٹ کیاگیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے اس اقدام پر لوگوں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہاہے۔

پی ٹی آئی مخالف ٹویپ نے لکھا ’’حکمران جماعت کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے ہندی میں ٹویٹس افسوسناک ہیں بھارت میں لوگوں کو انگریزی بھی سمجھ آتی ہے اور عمران خان کی ٹویٹ سارا بھارتی میڈیا دکھا رہا ہے. پھر یہ  ضروری تھاکیا ؟ پہلے برکھا دت کو ریپلائی اور اب یہ ہندی ٹویٹس، اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے یہ؟۔‘‘

پی ٹی آئی کے حامی ایک صارف نے جواب میں لکھا ’’جس ملک کے لیے کوئی مخصوص پیغام ہو یا اسکی وجہ سے کوئی ٹویٹ کی جائے اس ٹویٹ کو انہی کی زبان میں شئیر کرنا بھی بھت ضروری ہے ۔‘‘

 

وزیراعظم عمران خاں کو امن کا نوبل انعام دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں بھی جمع کرادی گئی ہے۔ قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ قرارداد میں کہا گیاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی جنگی جنون کے جواب میں امن کا پیغام دیاہے۔ عمران خان نے بھارتی جنگی جنون کے جواب میں امن کے لئےکامیاب حکمت عملی اختیار کی ہے۔ امن کے لئے عوامی و بین الاقوامی ترجمانی کی،اسلام کے وضع کردہ اصولوں کے مطابق صلہ رحمی اختیارکی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا، بھارتی فوجیوں کی بیواؤں نے مودی کو قاتل اور عمران خان کو امن کا محافظ کہاہے ۔ وزیر اعظم پاکستان اور ان کی ٹیم نے جنگی حالات میں بھی جوش کے بجائے ہوش سے کام لیا۔ اس لیے کروڑوں لوگوں کو محفوظ رکھنے کی کامیاب حکمت عملی پر عمران خان کو نوبل امن پرائز سے نوازا جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بھی وزیراعظم پاکستان عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں دو مارچ کو قرارداد جمع کرا رکھی ہے۔

’ٹوئٹر پر ’نوبل پرائز فار عمران خان‘ ٹاپ ٹرینڈ کی صورت میں نظر آیا‘

قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی دانشمندانہ کردار ادا کیا۔ بھارتی قیادت کا جنگی جنون دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا سبب بن رہا تھا اور بھارتی قیادت اپنے جارحانہ رویے سے دونوں ایٹمی ریاستوں کو جنگ کے دہانے پر لے آئی تھی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد ان کے  فیصلے کو خوب سراہا گیا۔

ٹوئٹر پر ’نوبل پرائز فار عمران خان‘ ٹاپ ٹرینڈ کی صورت میں نظر آیا جب کہ بھارتی صارفین اپنے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ’گوبیک مودی‘ کا ٹرینڈ چلاتے رہے۔


متعلقہ خبریں