بھارت نے اسرائیل سے مل کر پاکستان پر حملے کا منصوبہ بنایا


اسلام آباد: جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار کے مزید مکروہ عزائم سامنے آگئے۔ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے اسرائیل کی مدد سے پاکستان کی ایئر بیس پر حملے کی منصوبہ بندی کی۔

انٹیلی جنس ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ بھارت نے پاکستان پر میزائل حملے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم پڑوسی ملک کو پیغام دیا گیا کہ اگر میزائل حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے حملے کی انٹیلی جنس اطلاع مل گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے ممکنہ ٹارگٹ سے متعلق دوست ممالک سے معلومات شیئر کی جا چکی ہیں، پاکستان نے دوست ملکوں اور عالمی طاقتوں کو بتایا ہے کہ بھارت سے امن چاہتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پلوامہ واقعے پر بھارت کےڈوزیئر میں ایسی معلومات نہیں جن پر ایکشن لیاجاسکے۔

اطلاعات کے مطابق کراچی اور بہاولپور دشمن بھارت کے ٹارگٹ پر ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت  کے درمیان براہ راست رابطہ نہیں ہے تاہم دنیا کی اہم شخصیات دونوں ممالک سے رابطے کررہے ہیں۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے سینیئر اینکر اور تجزیہ کار ندیم ملک نے کہا کہ انٹیلیجنس ذرائع کو عین اس وقت جب پاکستان اور انڈیا کے درمیان معاملات بہت کشیدہ ہوگئے تھے اور انڈیا نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں چار بم گرائے تھے جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے، اسی رات کو ہماری انٹیلی جنس ایجنسی کو یہ اطلاع ملی کہ راجھستان کی طرف سے پاکستان پر بھارت اور اسرائیل مل کر مشترکہ کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر اس مشترکہ کارروائی میں کراچی اور بہاولپور کے کچھ علاقوں کو نشانہ بنایا جاتا۔ جب ہماری سیاسی اور عسکری قیادت کو اس حوالے سے آگاہ کیا گیا تو پاکستان نے واضح کردیا کہ اگر کارروائی ہوئی تو حملے سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پیغام  ملنے کے بعد بھارت نے اس مشترکہ کارروائی کے منصوبے کو رول بیک کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بروقت اطلاع کے باعث پاکستان اس منصوبے کا ناکام بنانے میں کامیاب رہا۔

’را کراچی یا بہاولپور میں دہشت گردی کی کارروائی کرسکتی ہے‘

تجزیہ کار محمد مالک کا کہنا تھا کہ دشمن کا دشمن دوست ہوتا ہے، انڈیا اور اسرائیل کے درمیان فوجی تعاون ہے تو اس طرح کی منصوبہ بندی کوئی حیران کن بات نہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ذرائع ابھی بھی کہہ رہے ہیں کہ خطرہ ابھی بھی ٹلہ نہیں ہے۔ بھارت فضائی حملہ تو نہیں کرے گا لیکن ذرائع کے مطابق زمینی حملے کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جاسکتا۔

محمد مالک نے انکشاف کیا کہ را کراچی یا بہاولپور میں کوئی دہشت گردانہ کارروائی کرسکتی ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ پاکستان کو اس معاملے میں انٹیلیجنس شیئرنگ اپنے دوست ممالک سے کرنی چاہیے۔

محمد مالک نے وزیراعطم عمران خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صورت حال کو مزید کشیدہ ہونے سے روکنے کے لیے کئی ممالک نے کردار ادا کیا جن میں سعودی عرب، امریکہ، ترکی اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں