پاک بھارت کشیدگی، فضائی حدود مزید ایک روز کے لئے بند


اسلام آباد : پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کو مزید ایک روز کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کو پانچ مارچ تک بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔


اعلامیے کے مطابق پاکستان کا فضائی آپریشن 5 مارچ دن ایک بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چار مارچ تک فصائی آپریشن بند کرنے کا نوٹم جاری کیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق فضائی آپریشن اسلام آباد، پشاور کوئٹہ اور کراچی سے جاری رہے گا۔

یاد رہے تین روز قبل  31 گھنٹوں کے بعد پاکستان کے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کی فلائٹ پی اے 210 دبئی کے لیے روانہ ہوئی جبکہ کراچی سے پی کے 370 اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

اس سے قبل پاکستان نےاپنی فضائی حدود چار مارچ دوپہر ایک بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹم میں جہازوں کے فضائی حدود میں داخلے کےلیے مخصوص روٹس بھی بتائے گئے تھے تاہم لاہور،سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر ایئرپورٹ کھولنے کا فیصلہ  نہیں کیا گیا تھا۔

واضح رہے سول ایوی ایشن اتھارٹی  کی جانب سے یہ اقدام  پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے ان کے دو جنگی طیارے گرا دیئے تھے۔

 


متعلقہ خبریں