مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ایئر چیف

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا دورہ آپریشنل بیس

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ ہمیں ابھی بھی دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کے دورے کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عملے کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خدائےِ ذوالجلال کے حضور سربسجود ہیں جس نے ہمیں یہ طاقت دی اور ہم اپنی قوم کی امیدوں پر بھرپور انداز میں پورااترسکے۔

ایئر چیف کا کہنا تھا کہ دشمن کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں وطن کی سالمیت اور دفاع کو پوری قوم پاک فضائیہ پر نازاں ہے۔

ائیر چیف نے دشمن کے خلاف حالیہ فضائی کامیابی کے دوران عملے کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

انہوں نے بیسز پرہوا بازوں، ائیر ڈیفنس ،انجئیرنگ اور سکیورٹی پر مامور عملے سے ملاقات بھی کی۔

خیال رہے کہ ایئر چیف کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب بھارت میں مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے۔

بھارت نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں چار بم گرائے تاہم ان سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

بعدازاں پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا جن میں سے ایک طیارہ آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔

پاکستانی علاقے میں گرنے والے طیارے سے کے پائلٹ ابھی نندن کو پاک فوج نے اپنی حراست میں لے لیا تاہم پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اسے رہا کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستانی وزیراعظم کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دنیا بھر میں سراہا گیا۔

جمعے کے روز بھارتی پائلٹ کو براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تاہم پاکستان کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کے باوجود بھارت کی جانب سے مسلسل منفی بیانات سامنے آرہے ہیں۔


متعلقہ خبریں