ورلڈ بینک کی سندھ کے بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

ورلڈ بینک، پاکستان کے لیے 1ارب 10 کروڑ ڈالرز کے قرض کی منظوری مؤخر

ورلڈ بینک نے کراچی میں ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے، بلدیاتی نظام کی بہتری اور پانی کی تقسیم کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کر دیا۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیتھامیتھو الانگوان کی سربراہی میں وفد نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سے ملاقات کی۔

عالمی بینک سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں پراپرٹی سروے کا بھی اعلان کردیا۔

اس موقع پر بی آر ٹی بلیو لائن بس منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 35 کروڑ 95 لاکھ ڈالر لگایا گیا ہے، اس رقم سے منصوبے میں تفصیلی ڈیزائن، بس لائنیں، بس ڈپو، سڑک کی تعمیر و فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے گی۔

وفد نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ اربن مینجمنٹ منصوبہ 20 کروڑ ڈالر کا ہے منصوبے کے تحت کے ایم سی اور شہر کے ڈی ایم سیز عملے کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حکومت سندھ کراچی کے میونسپل سروسز اور پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے نظام کو کو بہتر بنانے کیلئے عالمی بینک کی مدد چاہتی ہے اور اس سلسلے میں کراچی شہر کا پراپرٹی سروے بھی کرایا جائے گا۔

عالمی بنک کے وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ کراچی واٹر بورڈ کے پورے سسٹم کی از سر نو تعمیر کا منصوبہ 650 ملین کی لاگت سے شروع کیا جائے گا، منصوبے کے تحت نکاسی آب کی لائنیں، پمپنگ اسٹیشنز، پانی کا فراہمی نظام و بلنگ کا نظام ڈجیٹل کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے وفد کو بتایا کہ واٹر بورڈ کو بھی بہتر بنانے کیلیے اصلاحات لائی جائیں گی۔ کے فور اور ایس تھری کے منصوبے مکمل ہونے سے شہر کے پانی و نکاسی کے مسائل حل ہوجائیں۔


متعلقہ خبریں