حکومت کے ساتھ تھے، اب بھی ہیں: اپوزیشن



اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملکی دفاع کے معاملے پر پہلے بھی حکومت کے ساتھ تھے، اب بھی ہیںِ حکومت سب کو ساتھ لے کر پاکستان عالمی سطح پرمعاملہ اٹھائے۔

پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرعلی زیدی کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی الیکشن مہم ہے دو ممالک کو جنگ کی صورتحال میں لاکھڑا کیا ہے، بھارت میں تقسیم ہے جبکہ پاکستان میں سب متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نے بریف کیا، اپوزیشن نے تقریر پر وزیراعظم کو نہیں سراہا، اسپیکر، وزیراعظم دنیا بھرسے بات چیت کررہے ہیں۔

علی زیدی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جارحیت کے باوجود عالمی دباؤ کا رخ بھارت کی طرف ہی ہے۔ پاکستان کو دنیا میں ہر ذمہ دار ملک تک اپنا پیغام پہنچانا چاہیے کہ بھارت کیسے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مدارس سمیت ملک میں ہونے والی ہراصلاح مل کر ہی ہوسکتی ہے کیونکہ اصلاحات نہ ہونے کا نقصان سب کو ہوتا ہے۔

قومی معاملات پر پہلے بھی حکومت کے ساتھ تھے، اب بھی ہیں، مصدق ملک

مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ بھارت نے جب خلاف ورزی کی، اگر جواب نہ دیا جاتا تو پھرایسا بار بار کیا جاتا۔ یہ حملہ پاکستان اور عوام پر ہوا ہے، ہم سب اس لیے حکومت کے ساتھ ہیں کہ ہم بھارت کے خلاف متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سب کو ساتھ لے کرچلیں تو وہ اور مضبوط ہوں گے، ملکی دفاع کے معاملے پر ان پر ذمہ داری ہے کہ وہ سب کو ساتھ لے کرچلیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ او آئی سی میں پاکستان کے لیے اچھا ہوا، لیکن امریکہ سمیت کئی ممالک کے ساتھ بہت سارا کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ اس وقت قوم کی ضرورت ہے۔

لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ ہمیں جو کرنا چاہیے وہ اپنے بچوں کے لیے کرنا چاہیے، تنظیموں کو اس طرح بندکیا جائے تاکہ دوبارہ یہ دوسرے ناموں سے سامنے نہ آسکیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ حکومت بھارت اور اسرائیل کے مشترکہ آپریشن کے حوالے سے اپوزیشن کو بریفنگ دے، ہم پہلے بھی ساتھ کھڑے تھے، اب بھی ساتھ ہوں گے۔

جنگی جنون پاکستان پرنہیں بھارت پرسوار ہے، سسی پلیجو

پیپلز پارٹی کی رہنما سسی پلیجو نے کہا کہ مسلح افواج نے بہترین انداز میں بہت موثر جواب دیا ہے، اسی رویے کی دنیا بھرمیں تعریف ہوئی ہے، اپوزیشن حکومت کے ساتھ ہے اور اس لیے مشترکہ فیصلہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان اپنے کیس کو مزید بہتر کرسکتا ہے اور ایسا تب ہی ممکن ہے جب سب مل کرکریں۔

سسی پلیجو نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے، پاکستان پر جنگی جنون سوار نہیں ہے لیکن بھارت پر ہے۔

پیپلزپارٹی کی سینیٹر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں سخت آپریشن کیے، نیشنل ایکشن پلان پرکام ہونا چاہیے کہ یہ ملکی مفاد میں ہے۔اپوزیشن نے قومی معاملات پرہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے۔

بھارتی حملے اور اسرائیل، بھارت منصوبے کی تفصیلات

پروگرام میں ندیم ملک نے انکشاف کیا کہ جس دن پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس تھا اسی دن اطلاع ملی کہ اسرائیل اور بھارت کی جانب سے مشترکہ طور پر راجھستان سے بہاولپوراورکراچی میں حملوں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ حساس اداروں کو بروقت معلومات مل جانے کے باعث کارروائی کو روکا گیا اور پاکستان نے بھرپوردفاع کا واضح پیغام بھجوایا۔

انہوں نے بھارتی فضائی حملے کی تفصیلات بتائیں کہ بھارتی فضائیہ کی اوکاڑہ اور بہاولپورسے کوششیں ناکام ہوئیں جبکہ مظفر آباد سے چار طیارے اندر داخل ہوئے۔

ندیم ملک نے بتایا کہ وزیراعظم اور سروسز چیف نے پہلے مکمل معلومات لیں اور پھر پاکستانی فضائیہ نے بھارت میں کارروائی کی۔ جے ایف سیون ٹین نے چھ ہدف چنے لیکن کھلے علاقوں میں کارروائی کی تاکہ مزید اشتعال نہ بڑھے۔

 


متعلقہ خبریں