بھارت کا اصل منصوبہ پاکستان کے پانچ مقامات پر حملہ کرنا تھا، وزیر خارجہ

بھارت کا اصل منصوبہ پاکستان کے پانچ مقامات پر حملہ کرنا تھا، وزیر خارجہ | ہم نیوز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کا اصل منصوبہ پاکستان کے پانچ مقامات پر حملہ کرنا تھا۔

ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو کشیدگی انتہا پر تھی اور اسی روز خدشہ تھا بھارت مزید کارروائی کرسکتا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی فضائیہ نے دوسری کوشش لاہور سیالکوٹ بارڈر سے کی تھی جسے ناکام بنایا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا آپس میں تعاون کافی عرصے سے چل رہا ہے اور دونوں ممالک میں انٹیلی جنس شیئرنگ بھی ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ایئر چیف

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال کا ہر زاویہ کشمیرکے گرد ہی گھومتاہے، یہ مسئلہ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بات ہوگی تو کشمیر کا ہی ذکر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سول اور ملٹری لیڈرشپ میں رابطے کی صورت حال مثالی رہی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ موجودہ صورت حال میں بہت متحرک رہے اور ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت سرکار کہہ رہی تھی کہ سشما سوراج کو او آئی سی اجلاس میں مدعو کرنا بہت بڑی کامیابی تھی تاہم اب بھارت میں بحث چھڑنے پر مودی دباؤ کی کیفیت میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت صورتحال پر امریکہ ،چین ،برطانیہ سمیت اہم طاقتیں الرٹ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پلوامہ پر بھارت کے ڈوزیئر پر پاکستان غور کررہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں