وزارت داخلہ:کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

وزارت داخلہ:کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے
سے منعقدہ اجلاس کے بعد خصوصی بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ملکی مفاد میں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ سیاسی اور معاشی حکمت عملی کے تحت کالعدم جماعتوں کی فنڈنگ روکنا ہوگی۔

ہم نیوز سے بات چیت میں فواد چودھری نے کہا کہ اس ضمن میں سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم گروپوں پرعملی لحاظ سے پانبدیوں کو یقینی بنائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو احکامات جاری کیے گئے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیزکردی جائیں۔

وفاقی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کالعدم قرار دی گئیں تنظیموں کے اثاثہ جات منجمد کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے تحت کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنا ہوتے ہیں، سلامتی کونسل کے احکامات کا مقصد کالعدم تنظیموں اور افراد پر پابندیوں کو اسٹریم لائن میں لانا ہے۔ پاکستان میں سلامتی کونسل کے احکامات پر عمل درآمد سلامتی کونسل ایکٹ 1948ء کے تحت کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں