میزائل سسٹم ’تھاڈ‘ سعودی عرب میں نصب ہوگا، اسرائیل میں ہوگیا

میزائل سسٹم ’تھاڈ‘ سعودی عرب میں نصب ہوگا، اسرائیل میں ہوگیا

اسلام آباد: سعودی عرب میں جدید ترین امریکی دفاعی میزائل سسٹم ’ تھاڈ‘ کی تنصیب کا حتمی معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت ایک بلین ڈالرز کی ڈاؤن پے منٹ بھی کردی گئی ہے۔

لوک حیڈ مارٹن کارپوریشن (Lockheed Martin corporation) کو ملنے والے اس کنٹریکٹ کی مالیت مؤقر امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق 945900000 ڈالرز ہے۔

امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اس سے قبل اس معاہدے کی کل مالیت 15 بلین ڈالرز بتائی تھی۔

پینٹاگون سے جاری بیان کے مطابق (Terminal High Altitude Area Defense) میزائل دفاعی سسٹم کی کل مالیت میں ابتدائی انجینئرنگ ڈھانچے کی تیاری، تجرباتی سامان کی فراہمی اور عملے کی ابتدائی تیاری کے اخراجات بھی شامل ہیں۔

تھاڈ میزائل دفاعی سسٹم کی سعودی عرب کو فروخت اس معاہدے کا حصہ ہے جو ٹرمپ انتظامیہ اور سعودی عرب کے مابین 2017 میں اس وقت طے پایا تھا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا پہلا دورہ کیا تھا۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کے دورے کے دوران جو معاہدات ہوئے تھے ان میں صرف 110 بلین ڈالرز کے معاہدے اسلحہ اور اس سے متعلق دیگر اشیا کی خریداری سے متعلق تھے۔

امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ کے مطابق سعودی عرب نے نومبر میں کل 44 تھاڈ لانچرز، میزائلز اور دیگر متعلقہ اشیا کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔

اسرائیل کے مؤقر اخبار’ہیرٹز‘ کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی ایک ماہ طویل شروع ہونے والی فضائی مشقوں سے قبل اسرائیل میں امریکہ کا جدید ترین دفاعی میزائل سسٹم ’تھاڈ‘ نصب کردیا گیا ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق امریکہ سے باہر نصب کیا جانے والا یہ پہلا سسٹم ہے۔

ہیرٹز کے مطابق مشترکہ فضائی مشقوں کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ امریکہ اوراسرائیل کے درمیان بے مثال فوجی تعاون قائم ہے۔ اخبار کے مطابق یہ پیغام اس وقت دیا جارہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ اعلان کرچکے ہیں کہ وہ جلد از جلد شام سے امریکی افواج کا انخلا چاہتے ہیں۔

تھاڈ میزائل سسٹم انتہائی مختصر اور درمیانی رینج کے بلاسٹک میزائلوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

امریکہ کی یورپین کمانڈ کی ترجمان کے مطابق تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب کا کام مارچ میں شروع ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کےذریعے یہ جانچنا مقصود تھا کہ میزائل سسٹم کی تنصیب کس قدر جلد اور برق رفتاری سے ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق تھاڈ دفاعی میزائل سسٹم کی تنصیب پر وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید سسٹم کی تنصیب کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق میزائل سسٹم کی تنصیب اسرائیل کی حفاظت کے لیے امریکی عزائم کے اظہار کی علامت ہے۔


متعلقہ خبریں