جعلی بینک اکاؤئنٹس کیس اسلام آباد منتقلی کیلئے نیب کی درخواست

جعلی اکاونٹس کیس، آصف زرداری اور فریال تالپور عدالت پہنچ گئے

فوٹو: فائل


کراچی: قومی احتساب بیورو(نیب) نے جعلی بینک بینک اکاؤنٹس کو اسلام آباد منتقل کرنے کیلئے بینکنگ کورٹ کراچی میں درخواست دائر کردی ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران دی گئی نیب حکام کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے 7 جنوری 2019 کو کیس ایف آئی اے سے نیب منتقل کرنے کا حکم دیا تھا لہذا تمام دستاویزات اور شواہد فوری طور پر نیب کے حوالے کیے جائیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ جے آئی ٹی کے تمام ممبران نیب کی معاونت کریں۔ تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی نے جعلی اکاؤنٹ سے متعلق شواہد اکٹھے کئے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ کیس کو کراچی سے نیب کورٹ اسلام آباد منتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔

ملزمان کے وکلا نے کہا کہ  ہمیں نیب کی جانب سے کیس منتقل کرنے کی درخواست کی نقول نہیں ملیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ جو ملزمان عدالت میں ہیں انہیں ابھی نیب کی درخواست کی نقول فراہم کی جائیں۔

بینکنگ کورٹ کراچی نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورسمیت دیگر 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 11 مارچ تک توسیع کردی ہے۔

سابق صدر کی طرف سے ان کے وکیل وکیل فاروق ایچ نائیک نے حاضری سے استثنیٰ کی درخوست دی جسے منظور کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان انور مجید ، عبدالغنی مجید ، حسین لوائی اور طحہ رضا کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا، فریال تالپور بھی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع

نیب کا میگا منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ

یاد رہے کہ قبل ازیں قومی احتساب بیورو(نیب) میگا منی لانڈرنگ کیس بینکنگ کورٹ کراچی سے احتساب عدالت راولپنڈی منتقل کرنے فیصلہ کیا تھا۔

بنکنگ کورٹ کراچی میں ہونے والی گزشتہ سماعت میں تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ جے آئی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جب کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیس کا ریکارڈ نیب کو منتقل کررہے ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی تھی کہ آپ جو بھی کہہ رہے ہیں وہ لکھ کردیں۔ جس پر تفتیشی افسر محمد علی ابڑو نے کہا کہ وہ لکھ کر دے دیتے ہیں۔

فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہیں نہیں کہا کہ نیب میں ریفرنس فائل کیا جائے۔ صرف مزید تفتیش کا کہا ہے۔

عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کر دی تھی۔


متعلقہ خبریں