اقلیتوں کے خلاف ریمارکس:فیاض چوہان کیخلاف ایکشن لیا جائے،نعیم الحق

اقلیتوں کے خلاف ریمارکس: فیاض چوہان کے خلاف ایکشن لیا جائے، نعیم الحق

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کیخلاف اقلیتوں کے خلاف ریمارکس دینے پر ایکشن لیا جائے۔

نعیم الحق نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سینئر رکن کی طرف سے اس قسم کی فضول گفتگو برداشت نہیں کرے گی۔

انہوں نے لکھا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ مشاورت کے بعد عملی اقدام اٹھایا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بھی سماجی رابے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی پرچم میں سبز رنگ کی طرح سفید رنگ بھی پاکستان کافخرہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوبرادری کے ملکی ترقی میں کردار کی قدر کرتے ہیں، پاکستان میں رہنے والا ہر فرد صرف پاکستانی ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے لکھا کہ ہندو،مسلم اور عیسائی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بھی فیاض الحسن چوہان کے ریمارکس پر  ناپسندیدگی کا اظہارکیا ہے۔ زلفی بخاری نے ٹویٹ میں کہا کہ اقلیتوں کے خلاف تکلیف دہ اورغیر مناسب الفاظ کسی کی ذاتی رائے ہوسکتی پارٹی کی نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو برابر مذہبی آزادی حاصل ہے، اقلیتوں کا احترام ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔

اس معاملے پر فیاض الحسن چوہان نےبھی وضاحتی بیان جاری کیا ہے ۔ فیاض چوہان نے  کہا ہے کہ میرا مخاطب نریندر مودی، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا تھا، میرا ٹارگٹ قطعی ہندو مذہب اور ہندو برادری نہیں تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے الفاظ سے اگر ہمارے پاکستانی ہندو بھائیوں کی کسی بھی طرح دل آزاری ہوئی ہے تو میں معزرت خواہ ہوں، تمام اقلیتیں پاکستان کا حصہ ہیں اور ہم سب پاکستانی ہیں

انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب حکومت کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ اقلیتوں کے خلاف نفرت آمیز گفتگو کر رہے تھے۔

صوبائی وزیر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں