کالعدم تنظیموں کیخلاف مزیداقدامات ہونگے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کالعدم تنظیموں کے خلاف مزید اقدامات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں انتہاپسندی پر بڑی کارروائی کرنے کا فیصلہ جنوری میں کیا گیا تھا اور گزشتہ برس بھی کارروائی کی گئی تھی۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ شدت پسندی کے حوالے سے معاشی، سیاسی اور انتظامی پلان بنائے گئے ہیں جن پر مرحلہ وار عمل شروع ہوچکا ہے، ہم سیاحت کو پاکستان کی بنیاد سمجھتے ہیں اور سیاحوں کو مثبت سوسائٹی دکھانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 1276 کے پارٹ ٹو کے تحت ہماری ضرورت تھی کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف معاشی پابندیاں لے کر آئیں، ہم آگے چل کر مزید اقدامات بھی کریں گے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف کے مطالبے آئندہ اجلاس تک پورے کرلیے جائیں گے اور ملک کو کسی اقتصادی پابندی کا سامنا نہیں ہے اور اس ماحول کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان نے جو اقدامات کیے ان سے ہمارا قد بڑھا ہے، چار دن پہلے کی نسبت اب حالات بہتر ہیں ہم گزرتے وقت کے ساتھ جنگ سے دور ہو رہے ہیں، بھارت کے اندر سےبھی جنگی جنون کیخلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے تو ہم بھی تیار ہیں، لیکن بھارت کی عقل کچھ حد تک ٹھکانے آ گئی ہے۔

پی ٹی وی کے معاملات بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سینیٹ کمیٹی نے 14 دن میں نیا ایم ڈی لگانے کا کہنا ہے، 42 لوگوں کی درخواستیں آچکی ہیں ان کا انٹرویو کیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں