امریکہ کی پاکستانیوں کے لیے ویزا مدت میں کمی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: امریکہ نے پاکستانیوں کے لیے ویزا مدت میں کمی کا اعلان کر دیا۔

ترجمان امریکی سفارتخانے کے مطابق ویزا مدت پانچ سال سے کم کر کے تین ماہ کر دی گئی ہے جب کہ امریکہ پاکستانی صحافیوں کو بھی تین ماہ کا ویزا جاری کرے گا۔

امریکی سفارتخانے نے آگاہ کیا کہ سرکاری حکام کو ویزہ کام کی مدت کو مدنظر رکھ کر جاری کیا جائے گا جب کہ امریکہ نے ویزے کی فیس میں 160 ڈالرز سے بڑھا کر 192 ڈالرز کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق امریکہ نے ویزہ پالیسی اور فیس میں تبدیلی پاکستان کے اقدام کی وجہ سے کی ہے کیونکہ پاکستان اس سے پہلے امریکی شہریوں کے لیے ویزہ مدت میں کمی جیسے اقدامات کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں امریکہ کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کر دی تھی اور اُن کے اپنے تعینات کردہ مقام سے 40 کلو میٹر کی حدود میں رہنے کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں سعودی حکومت کا پاکستانیوں کے لیے ویزا فیس میں کمی کا فیصلہ

امریکہ نے پاکستانی سفارتکاروں پر لگائی گئی پابندیوں کے حوالے سے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان میں بھی امریکی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہیں جب کہ پاکستان کا مؤقف تھا کہ امریکی سفارتکاروں پر پابندیاں نہیں بلکہ اُن کی نقل و حرکت محدود کرنا سیکیورٹی وجوہات ہیں۔

پاکستان نے امریکی سفارتکاروں کو دی جانے والی کچھ سہولتیں بھی واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فیس میں کمی کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد سعودی ویزا فیس 2 ہزار ریال سے کم ہو کر338  ریال ہوگئی۔

سعودی سفارتی حکام کے مطابق سنگل انٹری فیس 338 ریال جبکہ ملٹی پل ویزا فیس 675 ریال کی گئی، ویزا فیس میں کمی کا اطلاق 15 فروری سے کر دیا گیا۔

سعودی اعلان کے بعد پاکستان نے بھی سعودی شہریوں اور تاجروں کے لیے ویزا فیس میں کمی کر دی تھی۔


متعلقہ خبریں