سول ایوی ایشن نے مزید پانچ ائیرپورٹ پروازوں کےلیےکھول دیئے


سول ایوی ایشن کی جانب سےمزید پانچ ائیرپورٹس کو پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق  ملتان، پنجگور، تربت، گوادر اور چترال ائیرپورٹس سےفضائی آپریشن جزوی بحال کردیا گیا ہے۔ فضائی آپریشن کی بحالی کی مدت میں مزید توسیع آٹھ مارچ کو ہوگی۔ ابھی ملتان ایئرپورٹ پرفضائی آپریشن بحال کردیا گیا ہے۔

ترجمان سی اے اے نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث  سات روز سے فضائی آپریشن بند تھا، ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پررات دو بجےمسقط سے پرواز کی آمد متوقع ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ غیرفعال ایئرپورٹس میں سیالکوٹ، رحیم یارخان، سکھر و دیگرشامل ہیں۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث ملتان، رحیم یارخان اورسیالکوٹ کی فضائی حدود بند رکھنے کی تاریخ میں مزید ایک دن کی توسیع کا اعلان کیا گیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ تینوں ایئرپورٹس سے فضائی آپریشن چھ مارچ دن ایک بجے تک معطل رہے گا۔

اس سے قبل سول ایوی ایشن کی جانب سے چار اور پانچ مارچ کو فضائی آپریشن بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور کراچی کا فضائی آپریشن بحال رہے گا۔واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تھی جس کا پاکستان نے بھرپورجواب دیتے ہوئے بھارت کے دوجنگی طیاروں کو مارگرایا تھا۔


متعلقہ خبریں