جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کا نوٹیفکشن جاری

جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کا نوٹیفکشن جاری

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: حکومت نے جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر باقاعدہ پابندی عائد کردی۔

وزارت داخلہ کے مطابق کالعدم جماعت الدعوة اور ایف آئی ایف پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت دونوں جماعتوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری فہرست میں 70  ایسی تنظیمیں شامل ہیں جنھیں کالعدم قرار دیا گیا۔ ان تنظیموں میں لشکر جھنگوی، سپاہ صحابہ، لشکر طیبہ، تحریک جعفریہ پاکستان ،تحریک اسلامی اور القاعدہ سمیت دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔

واضح رہے  گزشتہ روز وفاقی وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں: کراچی میں کالعدم تنظیم نام بدل کر متحرک ہوگئی

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد خصوصی بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ملکی مفاد میں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا تھا کہ سیاسی اور معاشی حکمت عملی کے تحت کالعدم جماعتوں کی فنڈنگ روکنا ہوگی۔

ہم نیوز سے بات چیت میں فواد چودھری نے کہا تھا کہ اس ضمن میں سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم گروپوں پرعملی لحاظ سے پانبدیوں کو یقینی بنائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی تھی۔ خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو احکامات جاری کیے گئے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیزکردی جائیں۔


متعلقہ خبریں