پی ایس ایل کے میچز دیکھنے خصوصی بچے اسٹیڈیم آئیں گے،قاسم نوید

پی ایس ایل کے میچز دیکھنے خصوصی بچے اسٹیڈیم آئیں گے،قاسم نوید

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 4 کے میچز دکھانے کے لیے خصوصی بچوں کو نیشنل اسٹیڈیم لایا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق سید قاسم نوید قمر نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں میچوں کے دوران خصوصی بچوں کو بٹھانے کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے کہا کہ خصوصی بچوں اور افراد کے لیے واش رومز سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز دیکھنے سے خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خصوصی بچے اور افراد ضرور ہونے والے میچوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

پاکستان میں پی ایس ایل سیزن 4 کے میچز اب سات کے بجائے نو مارچ سے شروع ہوں گے۔ نئے پروگرام کے تحت اب پہلا میچ نو مارچ کو لاہور اور اسلام آباد کے درمیان شام سات بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں جب فضائی حدود کی بندش کی گئی تو پی سی بی حکام نے اس کے بعد پی ایس ایل سیزن 4 کے تمام آخری آٹھ میچوں کو کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے طے شدہ شیڈول کے مطابق آخری پانچ میچوں کا انعقاد کراچی میں ہونا تھا جب کہ تین میچ لاہور میں کھیلے جانے تھے۔


متعلقہ خبریں