صمصام بخاری نے وزیر اطلاعات پنجاب کا حلف اٹھا لیا



لاہور:صمصام بخاری نے بطور صوبائی وزیر اطلاعات اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

صمصام بخاری کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد کی گئی۔ جہاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اُن سے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر صوبائی وزرا نے بھی شرکت کی۔

سابق صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان سے ہندو برادری کے حوالے سے متنازعہ بیان دینے پر استعفیٰ لیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان سے استعفی لے لیا گیا

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ لیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان، وفاقی اور صوبائی کابینہ کے اراکین کی جانب سے فیاض چوہان کے  بیان پر اظہار ناپسندیدگی کیا گیا تھا۔

ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں صمصام علی بخاری کو بطور وزیر اطلاعات پنجاب خوش آمدید کہا تھا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے متنازعہ بیان پر وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے رابطہ کر کے معاملے کی جانچ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے بیانات بالکل قابل قبول نہیں ہیں۔ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی دل آزادی قبول نہیں کی جائے گی۔

تمام وفاقی اور صوبائی وزرا ایسے معاملات میں محتاط رہیں، وزیر اعظم

واضح رہے کہ دو روز قبل وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری سے متعلق متنازعہ بیان دیا تھا۔

فیاض الحسن چوہان کے بیان پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مطالبہ کیا تھا کہ پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کیخلاف اقلیتوں کے خلاف ریمارکس دینے پر ایکشن لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سینئر رکن کی طرف سے اس قسم کی فضول گفتگو برداشت نہیں کرے گی۔


متعلقہ خبریں