فراڈ کمپنی کی ویب سائٹ بنانے پرسوفٹ ویئر انجینئر مشکل میں

فراڈ کمپنی کی ویب سائٹ بنانے پرسوفٹ ویئر انجینئر مشکل میں

فائل فوٹو


لاہور: فراڈ کمپنی کی ویب سائٹ بنانا نوجوان سوفٹ ویئر انجینئر کو مہنگا پڑگیا ہے۔

سوفٹ ویئر انجینئرعمر اسلم نے ارم گولڈ آن لائن کاروبار کیلئے کمپنی کی ویب سائٹ بنائی تھی۔ کمپنی نے شہریوں کومنافع کا لالچ دے کا کروڑوں روپے کا فراڈ کیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے کمپنی مالکان کے ساتھ سوفٹ ویئرانجینئر کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔ گرفتای کیخلاف عمراسلم نے سیشن عدالت میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرلیا گیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد ظفر اقبال نے درخواست ضمانت پرسماعت کی۔

ملزم کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمر اسلم بے گناہ ہے وہ نہیں جانتا تھا کہ کمپنی مالکان لوگوں سے فراڈ کرنے والے ہیں ویب سائٹ بنانا کوئی جرم نہیں ہے۔

وکیل نے کہا کہ ملزم ابوبکر اور سفیان مالکان تھے انجینئر کا ان کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

عدالت نے سوفٹ ویئر انجینر عمر اسلم کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

یہ بھی پڑھیے:ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آن لائن فراڈ، چار ملزم گرفتار

چند ماہ قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے آن لائن فراڈ میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کیا تھا جو اس وقت تک 10 ہزار شہریوں کو لوٹ چکے تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عبدالغفار نے میڈیا کو  بتایا تھا  کہ ملزم آن لائن مارکیٹنگ کے ذریعے شہریوں کو چونا لگاتے تھے۔

ملزموں کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز، الیکٹرانک کرنسی اکاؤنٹس، ڈیبیٹ کارڈز، غیر ملکی کرنسی اور سمز برآمدہوئی ہیں۔

عبدالغفار نے بتایا کہ کراچی سے آپریٹ ہونے والی ویب سائٹ اور ڈومین کی بھی نشاندہی ہوئی، ملزم اطالوی کمپنی کے نام پر شہریوں کو بے وقوف بناتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو جھانسہ دینے کیلئے جعلی ویب سائٹ بھی قائم کر رکھی تھی، ملزم ملٹی لیول مارکیٹ کے اصول پر شہریوں کو اس میں شامل کررہےتھے۔


متعلقہ خبریں