دنیا جان گئی ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن پسند کون ہے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند اور ہمسایوں سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔

وزیر اطلاعات کی جانب سے غیر ملکی سفراء کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جس میں یورپی یونین اور دیگر ممالک کے سفراء نے شرکت کی۔ استقبالیے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات نے سفراء کو جنوبی ایشیاء میں بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے حقائق سے آگاہ کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہر مرحلے پر ایک ذمہ دار، تحمل مزاج اور سنجیدہ ریاست کا کردار ادا کیا، حکومت اور مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں اپنی خود مختاری اور دفاع کا فرض نبھایا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کی حمایت اور قومی مفاد میں مثالی پیش رفت کی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا جان گئی ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن پسند کون ہے؟ امن کے فروغ کا سہرا وزیراعظم عمران خان اور عسکری قیادت کے سر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم ثقافتی ورثہ کا امین ہے جو دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لئے ایک پر کشش منزل ہے۔

وزیر اطلاعات نے ملکی ثقافت کے فروغ اور قومی تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ختم ہوتے ہوئے موسیقی کے آلات کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کے عظیم قومی ورثے اور ثقافت کے مظاہر بھی پیش کئے گئے۔


متعلقہ خبریں