حکومت نواز شریف کی بیماری کو لے کر سیاست کر رہی ہے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کو دل کی تکلیف ہے اور حکومت انہیں سروسز اسپتال لے کر چلے جاتی ہے جبکہ ڈاکٹرز کہہ چکے ہیں کہ انہیں دل کے اسپتال لے کر جانا چاہئے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کی بیماری کو لے کر سیاست کر رہی ہے، یہ لوگ تو کلثوم نواز کی بیماری کو بھی جھوٹا کہتے رہے اور وہ اسی بیماری میں دنیا چھوڑ کر چلی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے چور دروازے سے آج قومی اسمبلی میں بجٹ پاس کروایا، ان کی نا اہل حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا بلکہ ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل نواز شریف کو اہل خانہ مل رہے ہیں اور انہیں قائل کیا جائے گا کہ وہ اپنا علاج کروائیں۔

کلعدم تنظیموں کے خلاف یکسوئی کے ساتھ کارروائی ہو رہی ہے، سابق نگران وزیر داخلہ

سابق نگران وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف یکسوئی کے ساتھ کارروائی ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں ہونا چاہئے کہ وہ جب چاہے سڑکوں کو بند کر دے، اپنی مرضی سے بندوقیں اٹھا لے اور جب چاہے دو ممالک کے مابین تعلقات خراب کر دے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک مدرسوں کے بچوں کو عام بچوں کی طرح تعلیم کا حق دیا جائے تو اس پر کس کو اعتراض ہو گا۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیموں میں کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو دشمن کے کہنے پر ملک کا امن خراب کر رہے ہوتے ہیں یہ لوگ غدار ہیں، اگر کالعدم تنظیموں کا مکمل خاتمہ کرنا ہے تو انہیں سیاسی دھارے میں لا کر ہرانا ہو گا۔

بی آر ٹی منصوبہ 2021 میں مکمل ہو گا، افتخار فردوس

سینئر صحافی افتخار فردوس نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے بی آر ٹی کے حوالے سے اجلاس میں غصے سے اٹھ کر چلے گئے تھے، کیونکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ مارچ کے مہینے میں بھی یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اس معاملے میں وزیراعلیٰ سے تشویش کا اظہار کیا ہے بتایا جا رہا ہے کہ اس منصوبے کا مکمل اختتام 2021 میں ہو گا۔

انہوں نے کہا پشاور کے باسی اس منصوبے کی تاخیر سے بے حد تنگ ہیں، لوگوں کو سانس کی بیماریاں ہو رہی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں