سعودی وزیر خارجہ آج پاکستان کا دورہ کریں گے

سعودی وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار

اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر آج پاکستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ پاکستانی قیادت سے ہونے والی ملاقات میں ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام بھی پہنچائیں گے۔

ذرائع کے مطابق عادل الجبیر پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کے لئے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے گذشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرنا تھا جو بھارت کی طرف سے امن کوششوں کا مثبت جواب نا ملنے پر ملتوی ہو گیا تھا۔

خیال رہے کہ سعودی وزیر خارجہ دورہ پاکستان پر ایک ایسے موقع پر آرہے ہیں جبکہ پلوامے حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاک سرزمین پر چار بم گرائے تاہم ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دو روز بعد پاک فضائیہ نے اپنی فضائی حدود میں دو بھارتی طیارے مار گرائے جن میں سے ایک آزاد جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ جائے وقوعہ سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لیا گیا۔

گرفتاری کے اگلے ہی روز وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کردیا جسے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں بے انتہا سراہا گیا۔ یہاں تک کے ٹوئٹر پر عمران خان کو نوبیل انعام دینے تک کا ٹرینڈ چل پڑا۔

ابھی نندن کو جمعے کے روز براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ پاکستان کے اس خیرسگالی کے جذبے کے باوجود بھارتی قیادت کی جانب سے مسلسل جنگی جنون پر مبنی بیانات سامنے آرہے ہیں۔


متعلقہ خبریں